برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، ڈرون حملے بند ہونے تک امن ناممکن ہے: نثار
اسلام آباد (وقت نیوز + آئی این پی) وزیر داخلہ چودھری نثار احمد نے سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن سے ملاقات کی، ملاقات میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت، ڈرون حملوں کے بعد کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈرون حملے روکے بغیر خطے میں امن ناممکن ہے، امریکہ نے ڈرون حملہ کرکے امن عمل کو سبوتاژ کیا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت نے اے پی سی کے فیصلے کی روشنی میں کئی ہفتوں کی کوشش سے امن کا ماحول پیدا کیا جسے امریکہ نے ڈرون حملے کے ذریعے سبوتاژ کر دیا، حکومت مذاکرات کے ذریعے خطے میں پائیدار امن قائم کرنا چاہتی ہے تاہم امن عمل کی کامیابی کے لئے دوسری طرف سے بھی تعاون ضروری ہے، ڈرون حملے بند نہ ہونے تک امن عمل شروع نہیں کیا جا سکتا، اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں مخلصانہ قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ خطے میں قیام امن کے لئے مثبت تعاون کرنے کو تیار ہے، انہوں نے چوہدری نثار کو دورہ برطانیہ کی دعوت بھی دی جو وزیر داخلہ نے قبول کر لی۔