دورہ جنوبی افریقہ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان پھر مؤخر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ کے مختصر دورہ کے لئے تیسرے روز بھی قومی ٹیم کا اعلان نہ ہو سکا۔ قوی امکان ہے کہ سلیکشن کمیٹی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے میچز کی کارکردگی کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز بھی قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اس اجلاس میں پی سی بی کے سیکرٹری طارق زمان اور کپتان مصباح الحق نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نجم سیٹھی نے سیکرٹری پی سی بی اور کپتان مصباح الحق کے ساتھ طویل ملاقات کے بعد سلیکشن کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ سکواڈ تشکیل دینے سے قبل ٹیم مینجمنٹ سے رائے لیں اور ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں سے جان چھڑائی جائے۔ سلیکشن کمیٹی آپریشن کلین اپ سے قبل کھلاڑیوں کو آخری وقت تک مانیٹر کرنا چاہتی ہے جس وجہ سے سکواڈ کا اعلان اب ٹی ٹونٹی میچ کے بعد کیا جائے گا تاکہ شامل کئے جانے والے دو سنیئرکھلاڑیوں شعیب ملک اور عبدالرزاق کی کارکردگی بھی مانیٹر کی جا سکے۔