انجمنِ حمایت اسلام کے 130 سال
انجمنِ حمایت اسلام کی موجودہ انقلاب آفرین قیادت اور دینی، تعلیمی و فلاحی خدمات سے قارئین کرام کو متعارف کروانا ضروری سمجھتا ہوں۔ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ جب چیف جسٹس (ر) نسیم حسن شاہ انجمن کے صدر منتخب کئے گئے تو ایک مدت کے بعد اراکین انجمن میں عملی وفکری اتحاد‘ اخوت‘ تنظیم اور ہم آہنگی پر مبنی رویہ پنپنے کا آغاز نو ہوا وہ تاحیات صدر قرار پائے۔ پھر سابق صوبائی محتسب اور سپریم کورٹ کے جسٹس (ر) منظور حسین سیال 2009ءمیں انجمن حمایت اسلام کے صدر منتخب کئے گئے۔ جس کے نتیجے میں انجمن کے عہدیدار اور اراکین نئے ولولے سے اپنے اعزازی فرائض منصبی سے عہدہ برآ ہو رہے ہیں۔ حمایت اسلام لاءکالج، حمایت اسلام طبیہ کالج، پوسٹ گریجویئشن کے لئے حمایت اسلام خواتین کالج گارڈن ٹاو¿ن اور حمایت اسلام ڈگری کالج برائے خواتین جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نتائج اس قدر بہتر ہو چکے ہیں کہ یونیورسٹی اور بورڈ میں طلبہ و طالبات نمایاں پوزیشن لے رہے ہیں اور اکثر سوفیصد نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ حمایت اسلام خواتین کالج گارڈن ٹاو¿ن کا I. T بلاک قریباً 3 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا۔
حمایت اسلام طبیہ کالج کی مکمل تزئین و آرائش کی گئی۔ اسی طرح فنی تعلیم کے شعبے میں حمایت اسلام محمد امین ووکیشنل ٹریننگ سنٹر تو 1962ءسے قائم تھا لیکن 2010ءمیں سبزہ زار سکیم میں ایک عظیم الشان عمارت تعمیر کر کے وہاں حمایت اسلام پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا گیا اور پھر 2012ءمیں شاہدرہ کے مقام پر حمایت اسلام شہاب الدین پولی ٹیکنیک کالج کی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ جہاں تک پرائمری، مڈل اور ہائر سکینڈری سکول کا تعلق ہے اس ضمن میں حمایت اسلام ہائر سکینڈری سکول ملتان روڈ، حمایتِ اسلام پاشا ماڈل گرلز ہائی سکول سمن آباد، حمایتِ اسلام گرلز پرائمری سکول راج گڑھ اور حمایتِ اسلام پبلک سکول باغبان پورہ جیسے تعلیمی ادارے ملک و ملت کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انجمنِ حمایتِ اسلام کے زیر انتظام تمام تعلیمی ادارہ جات کا نتیجہ بہترین رہا ہے خصوصاً دارالشفقت فار بوائز اور گرلز کے یتامیٰ نے A+ گریڈ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
انجمنِ حمایتِ اسلام کے فلاحی اداروں میں دارالشفقت فار بوائز اور دارالشفقت فار گرلز میں قریباً 500 بچے اور بچیاں مقیم ہیں جنہیں بہترین قیام و طعام کے علاوہ دینی و نصابی تعلیم و تربیت کی سہولیات میسر ہیں۔ لڑکوں کو برسرِ روزگار ہونے تک جب کہ لڑکیوں کو شادی ہو جانے تک معیاری کفالت اور تعلیم دی جاتی ہے اس کے ساتھ ساتھ 2012ءمیں کم سن بچوں کے لئے دارالشفقت پرائمری بلاک قائم کیا گیا ہے، جہاں مدر کیئر کا بندوبست ہے تاکہ چھوٹے بچوں کو مادرانہ شفقت بھی میسر ہو سکے۔ امریکن ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے دارالشفقت فار بوائز کے تمام کمراجات قریباً سوا کروڑ کی لاگت سے مکمل رینیوویٹ کروائے۔ دارالشفقت برائے خواتین میں ایک مخیر خاتون تمام کمروں کی تزئین و آرائش کروا رہی ہیں۔ نیز طبیہ کالج نے بھی رفاہِ عامہ کے لئے حمایت اسلام فری یونانی شفاخانہ صبح و شام کے اوقات میں قائم کر رکھا ہے۔ اس افسوسناک صورت حال کا ذکر بھی ضروری ہے کہ 1972ءمیں حکومت نے انجمن حمایت اسلام کے زیر انتظام تمام تعلیمی ادارے اسلامیہ کالج ریلوے روڈ، اسلامیہ کالج سول لائنز اور اسلامیہ کالج برائے خواتین کوپر روڈ سمیت قریباً پندرہ سکول قومیانے کے نام پر ہتھیا لئے تھے جن کی واپسی پر ابھی تک تاخیری حربے اختیار کئے جا رہے ہیں۔
انجمن حمایتِ اسلام کے دینی اداروں حمایت اسلام دارالعلوم دینیہ فار گرلز راج گڑھ میں جب کہ دارالعلوم دینیہ فار بوائز ملتان روڈ پر قائم ہے۔ مزید برآں اس وقت جامع مسجد دارالشفقت ملتان روڈ کی سہ منزلہ نئی عمارت زیر تعمیر ہے جس میں 500 سے زائد نمازیوں کے لئے ایئرکنڈیشنڈ روحانی ماحول دستیاب ہو گا۔