پاکستان میں جمہوریت تیزی سے پنپ رہی ہے۔ ترک صدر
اسلام آباد + انقرہ (اے پی پی) ترک صدر عبداللہ گل نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ انتخابات کے بعد اقتدار کی پرامن منتقلی اس بات کی غمازی ہے کہ وہاں جمہوریت تیزی سے پنپ رہی ہے۔ پاکستان اور ترکی کے حالات کم و بیش ایک جیسے ہیں اور دونوں ممالک ایک ہی طرح کے مسائل سے دوچار ہیں امید ہے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے جلد مسائل پر قابو پالیا جائے گا، دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے اٹھائے گئے اقتصادی اقدامات کے ثمرات سے عوام جلد بہرہ ور ہوسکیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر قیادت پاکستانی پارلیمانی ارکان پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد سے جاری کردہ بیان میں مشاہد سید نے برادر دوست ملک ترکی کے ساتھ قریبی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ مشکل کی ہر گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مشاہد سید نے پاکستانی عوام اور پارلیمان کی جانب سے ترکی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خطے میں امن و سلامتی کے قیام کی خاطر ترکی کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان ترکی افغانستان کے مابین سہ فریقی اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے ترکی کی کاوش قابل تحسین ہے۔ پاکستانی وفد کی ترک قیادت بشمول صدر، سپیکر اور مختلف پارلیمانی کمیٹیوں سمیت سیاسی رہنماؤں اور تھنک ٹینکس کے نمائندؤں سے ملاقاتیںشیڈول میں شامل ہیں۔ پاکستانی وفد میں سید نوید قمر، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر میر حاصل بزنجو، ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی، اویس احمد خان لغاری، شائستہ پرویز ملک سمیت مختلف شخصیات شامل ہیں۔ اس دورے کا اہتمام تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے ترکی میں جمہوریت کی مضبوطی اور ارتقا کو سمجھنے کے سلسلہ میں کیا تھا۔