• news

سنی اتحاد کونسل کاآڈیو، ویڈیو لنک کے ذریعے مناظرہ سے انکار راہ فرار ہے:تحریک طالبان

لاہور(این این آئی) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بھی سنی اتحاد کونسل کے مناظرہ کیلئے اپنی شرائط پیش کرتے ہوئے آڈیو، ویڈیو لنک کے ذریعے مناظرہ سے انکار کو مناظرہ سے راہ فرار قرار دیا ہے۔کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل سے مناظرہ کے چیلنج پر قائم ہیں لیکن کونسل آڈیو، ویڈیو لنک کے ذریعے مناظرہ سے انکار کر کے اس سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے تاہم ہم اسے کوئی بہانہ نہیں بنانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور میں ہمارے نمائندے حکومت کے ساتھ جنگ کی وجہ سے سامنے نہیں آسکتے اور حالت جنگ کے باعث ہی ہمارا مسلح ہونا بھی ضروری ہے، اگر سنی اتحاد کونسل مناظرہ براہ راست ہی کرنا چاہتی ہے تو اس کے لئے کسی بھی دوسرے ملک کا انتخاب کیا جائے یا ہمیں پاکستان میں سکیورٹی کی ضمانت دی جائے۔شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ قوم سے نہیں بلکہ سیکولر اور لادین نظام اور اس کے حواریوں کے خلاف ہے، کیا سنی اتحاد کونسل قبائل کو پاکستان کا حصہ نہیں سمجھتی۔ انہوں نے کہا کہ مناظرہ کے ثالثی کے لئے سنی اتحاد نے جو نام دیئے ہیں وہ قبول نہیں ، اتحاد تنظیمات مدارس کے علما ء کو مناظرہ میں ثالثی مقرر کیا جائے اور اگر ہم مناظرہ ہارے تو مسلح جدوجہد چھوڑنے کی تحریری ضمانت دیں گے۔واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے طالبان کو شہید قرار دیئے جانے کے بیان پر سنی اتحاد کونسل کے 300 مفتیان نے اسے گمراہ کن قرار دیا تھا جس پر طالبان نے کونسل کو مناظرے کا چیلنج دیا تھا جسے قبول کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل نے اپنی 5 شرائط پیش کی تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن