• news

200ٹیسٹ :ٹنڈولکر دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے

ممبئی (اے پی پی) دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ سچن ٹنڈولکر نے الوداعی ٹیسٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹیسٹ میچوں کی ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ ماسٹر بلاسٹر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ جمعرات کو ٹنڈولکر کے الوداعی ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل انہیں زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا اس موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ٹنڈولکر کے کیریئر کا باب ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ختم ہوتے ہی ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا اور وہ کرکٹ سے رخصت ہو جائیں گے۔ ٹنڈولکر 24 اپریل 1973ء کو ممبئی میں پیدا ہوئے، بچپن سے ہی کرکٹ سے گہرا لگائو ہونے کی وجہ سے انہوں نے 16 سال کی عمر میں کرکٹ کے میدانوں میں قدم رکھا اور فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا، عمدہ بیٹنگ کی بدولت انہیں تھوڑے ہی عرصے میں بھارتی سلیکٹرز نے 1989ء میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کا اعزاز دے دیا۔ پاکستان کے خلاف ہی ون ڈے سیریز میں انہوں نے ایک روزہ کیریئر کے بھی آغاز کیا، انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھتے ہیں ٹنڈولکر نے اپنی عمدہ بیٹنگ سے عالمی شہرت حاصل کی اور 24 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے کئی نہ ٹوٹنے والے ریکارڈز اپنے نام کئے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز شیونارائن چندر پال نے ٹیسٹ کیریئر کے 150 میچ مکمل کر لئے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے ویسٹ انڈیز کے پہلے اور دنیا کے ساتویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ چندر پال نے بھارت کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں یہ اعزاز حاصل کیا۔

ای پیپر-دی نیشن