ڈیوس کپ جیتوں گا‘ جوکووچ: مستقبل میں فتوحات چاہئیں‘ نڈال: ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں‘ فیڈرر
بلغراد +میڈرڈ+لندن(اے پی پی) سربین ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو نوویک جوکووچ نے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز کا ٹائٹل جیتنے کے بعد آئندہ برس شیڈول گرینڈ سلیمز پر نظریں جما لیں، ملک کو ڈیوس کپ کا ٹائٹل دلا کر سال کا شاندار طریقے سے اختتام کرنے کا خواہاں ہوں۔ جوکووچ نے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز میں رافیل نڈال کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ سربیا اور جمہوریہ چیک کی ٹیموں کے درمیان ڈیوس کپ کا فائنل (آج) جمعہ سے شروع ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ برس رینکنگ میں کھوئی ہوئی پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے کی بجائے گرینڈ سلیمز ان کے اہداف ہیں، مسلسل چوتھی بار آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیت کر نئے برس کا فاتحانہ آغاز کروں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے اپنی کارکردگی پر مطمئن ہیں کوشش ہو گی کہ مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ٹائٹلز اپنے نام کروں جو کہ میری اولین ترجیح ہے۔ نڈال کو رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے سال میں دو گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے تھے اسلئے وہ اس پوزیشن کے حقدار تھے۔ہسپانوی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے کہا ہے کہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز میں جوکووچ کے ہاتھوں شکست پر مایوس نہیں، آئندہ برس ہونے والے ایونٹس میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے مزید ٹائٹلز اپنے نام کروں گا۔ نڈال نے اپنے بیان میں کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اس میں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں میری تمام تر توجہ مستقبل میں ہونے والے ایونٹس پر مرکوز ہے، میں نے شکستوں کو ہمیشہ خوش دلی سے قبول کیا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ مجھے زیادہ مایوسی نہیں ہوتی۔ میں نے ہمیشہ اپنی شکست کو مثبت لینے کی کوشش کی ہے اور بہت کچھ سیکھا بھی ہے اور یہی تجربہ مستقبل میں مجھے مزید فتوحات دلانے کیلئے مددگار ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلین اوپن شروع ہونے میں تھوڑا عرصہ باقی ہے، گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ کورٹ میں اتروں گا۔سوئٹزرلینڈ کے ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے کہا ہے کہ ٹینس میرے خون میں شامل ہے، رواں برس کے دوران خراب اور مایوس کن کارکردگی کے باوجود فی الحال ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ فیڈرر کو اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں رافیل نڈال کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ رواں برس متواتر ناکامیوں کی وجہ سے فیڈرر کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی تھی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اچھا برا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے اور اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک سیزن میں ناکام ہونے پر کھلاڑی کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر لیں۔ ان کا کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال ہونے والے ایونٹس میں بھرپور تیاری کے ساتھ کورٹ میں اتریں گے، کوشش ہو گی کہ گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیت کر رینکنگ میں اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن دوبارہ حاصل کر سکوں۔