بات چیت پر آمادہ طالبان گروپوں سے مذاکرات کئے جائیں: ساجد میر
بات چیت پر آمادہ طالبان گروپوں سے مذاکرات کئے جائیں: ساجد میر
مریدکے (نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ طالبان کے جو گروپ مذاکرات پر آمادہ ہیں ان سے بات چیت کا پایہ تکمیل تک پہنچنا ملک و ملت کے لئے نیک شگون ہے اغیار کے پیسے پر لڑنے والے نہیں بلکہ محب وطن طالبان گروپوں سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے قوم دن رات دعاگو ہے۔ امریکہ نکلنے سے پہلے ملکی حالات خراب کرنے کی پلاننگ کر چکا ہے بلکہ اس کی خواہش فرقہ وارانہ فسادات ہیں۔ مذہبی قیادت کو حکمت سے کام لینا چاہئے۔ چند طالع آزما جرنیلوں کی وجہ سے فوج کا باوقار ادارہ بدنام ہوا ہے۔ فوج محب وطن ہے اور قوم فوج کی قربانیوں کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ مشرف کو آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سزا ملنا ازحد ضروری ہے تاکہ فوج کے اقتدار پر قبضہ کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے۔ اس امر کا اظہار سنیٹر پروفیسر ساجد میر نے مریدکے میں مقامی ہوٹل میں مختصر قیام کے دوران میڈیا نمائندگان اور نوائے وقت سے جمعیت کے ذمہ داران صاحبزادہ حاجی محمد امجد اجمل، صاحبزادہ عبدالباسط شیخوپوری شیخ ذیشان اسلم حاجی نواز مغل کی موجودگی میں گفتگو کے دوران کیا۔