تحریک انصاف کا بلدیاتی الیکشن عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ، 8 نکات پیش
لاہور (آئی این پی+ نوائے وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے بلدیاتی انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن سے 8 مطالبات کردئیے۔ مطالبات میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مقرر کردہ تاریخ 30 جنوری کو ہونا چاہئے۔ مزید تاریخ آگے نہ بڑھائی جائے، یونین کونسلوں کی حلقہ بندیوں کا اپیل کا حق امیدوار کو دینا چاہئے۔ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونے کے حوالے سے فوری طور پر قواعد و ضوابط بنائے جائیں، نامزدگی فارم انگلش کے بجائے اردو میں ہونا چاہئے۔ بیلٹ پیپر سرکاری پریس سے پرنٹ ہونے چاہئے نہ کہ پرائیویٹ پریس سے اور سیاہی مقناطیسی استعمال ہونی چاہئے۔ بلدیاتی الیکشن ڈی سی او، ڈی پی اواور ٹی ایم او کے بجائے عدلیہ کی نگرانی میں ہونے چاہیے، ترقیاتی فنڈ فوری طور پر منجمد کئے جائیں، بلدیاتی الیکشن کا رزلٹ تین دن کے بجائے اسی دن رزلٹ جاری کیا جائے۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمشن سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وفد 21 نومبر کو سیکرٹری الیکشن کمشن سے ملے گا۔