حکومت نے پالیسی نہ بدلی تو گندم 17سو روپے من بھی نہیں ملے گی: چیئرمین ایگری و اکنامک فورم
لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین ایگری و اکنامک فورم ڈاکٹر ابراہیم مغل نے ایک بیان میں کہا کہ اگر حکومت نے پالیسی نہ بدلی تو اگلے سال گندم 1700روپے من بھی نہیں ملے گی۔ اس سال گندم کی بجائی کا صحیح وقت 20 نومبر ہے جبکہ ابھی تک 40 فیصد بھی نہیں ہوسکی۔ کئی طاقتیں پاکستان کی توانائی اور پانی پر حملے کررہی ہیں، پانی کم ہونے سے ملک کی زراعت خصوصاً پنجاب کی زراعت تباہی کے دہانے تک پہنچ چکی ہے۔ دشمن پاکستانی زراعت تباہ اور بھارت سے خوراک اور سبزیاں درآمد کرنے پر مجبور کرنے کا مکمل پروگرام بنائے ہوئے ہیں، حکمران آنکھیں کھولیں، اس سال کپاس 16 ملین گانٹھیں، چاول 80 لاکھ ٹن، چینی 55 لاکھ ٹن اور گندم 2 کروڑ 70 لاکھ ٹن پیدا کریں وگرنہ ملک میں بیروزگاری، افراتفری، بھوک، افلاس اور تجارتی خسارے کا شدید خطرہ ہے۔