عبدالرشید غازی قتل کیس تفتیشی ٹیم کیخلاف کارروائی کیلئے آئی جی اسلام آباد کو خط
اسلام آباد (ثناء نیوز)لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور انکی والدہ صاحب خاتون کے قتل کے مقدمے میں پرویزمشرف کے خلاف درج ایف آئی آر میں تفتیش کیلئے ڈی آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی کیخلاف کارروائی اور پرویزمشرف سمیت دیگر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے ہارون الرشید غازی کی طرف سے شہداء فائونڈیشن آف پاکستان کے ترجمان حافظ احتشام احمد نے آئی جی پولیس اسلام آباد کو پانچ صفحات پر مشتمل تفصیلی خط تحریر کردیا ہے۔ حافظ احتشام احمد کی طرف سے آئی جی کے نام تحریر کردہ خط میں ڈی آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کی سربراہی میں قائم تفتیشی ٹیم پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم کے خلاف 12 شکایات درج کی گئی ہیں۔ آئی جی کے نام تحریر کردہ خط میں ڈی آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کی سربراہی میں قائم تفتیشی ٹیم کے تمام ممبران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے ازسر نو تفتیش کیلئے 9 سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ حقائق کی روشنی میں ڈی آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کی سربراہی میں قائم تفتیشی ٹیم کے تمام ممبران کیخلاف بشمول ڈی آئی جی خالد خٹک کے جانبدارانہ تفتیش کرنے اور اپنے فرائض میں کوتاہی برتنے پر سخت ترین محکمانہ کارروائی کی جائے۔ آج ایک درخواست وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ کو بھی بھیجی جائے گی جس میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں برقرار رکھنے کی درخواست کی جائیگی۔