• news

بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے 28 سو سکھ یاتری ننکانہ پہنچ گئے

بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے 28 سو سکھ یاتری ننکانہ پہنچ گئے

ننکانہ صاحب+ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار خصوصی) سکھ مذہب کے بانی و روحانی پیشوا بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے 2800 بھارتی سکھ یاتری سردار بلدیو سنگھ ممبر شرومنی گورودوارہ پر بندھک کمیٹی کی قیادت میں تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے سکیورٹی کے کڑے حصار میں ریلوے سٹیشن ننکانہ صاحب پہنچے، ڈی سی او ننکانہ صاحب ڈاکٹر عثمان علی خاں، ڈی پی او سید منتظر مہدی، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد سلیم گوندل اور دیگر ضلعی افسران نے استقبال کیا اور سکھ یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پرسراغ رساں کتوں کے ذریعے ریلوے سٹیشن ننکانہ صاحب کی سخت چیکنگ کی گئی بعدازاں سکھ یاتریوں کو پولیس کے سخت پہرے میں خصوصی بسوں کے ذریعے گورودوارہ جنم استھان پہنچایا گیا۔ دریں اثناءسکھ یاتری گذشتہ روز پولیس کے کڑے پہرے میں گورودوارہ سچا سودا (فاروق آباد) میں متھا ٹیکی کی رسم ادا کر کے شام کو واپس ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار بلدیو سنگھ نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا اسے مدتوں یاد رکھیں گے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کریں تاکہ دونوں ملکوں کی عوام خوشحال ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اب تلخیاں ختم کر کے آپس میں دوستی بڑھانی چاہئے۔سکھ یاتریوں کی پہلی ٹرین کی آمد کے موقع پر ریلوے سٹیشن قلعہ شیخوپورہ کا سگنل سسٹم ناکام ہو گیا جس کے باعث رات کی تاریکی میں 876 سکھ یاتریوں کی اس سپیشل ٹرین کو شیخوپورہ سے 5کلو میٹر دور لاہور سیکشن پر ویران جگہ پر رکنا پڑا۔
بابا گورونانک

ای پیپر-دی نیشن