58 اداروں کے سربراہوں کا تقرر دسمبر تک مکمل کرنیکا پروگرام
58 اداروں کے سربراہوں کا تقرر دسمبر تک مکمل کرنیکا پروگرام
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے 58 قومی خود مختار اداروں اور کارپوریشنوں کے چیئرمینوں اور چیف ایگزیکٹیوز کے تقرر کے لیے قائم کردہ کمشن نے دسمبر کے آخر تک انٹرویوز کا سلسلہ مکمل کرنے کا پروگرام تشکیل دےدیا‘ کمشن نے اہم عہدوں کیلئے اندرون و بیرون ملک سے موصولہ ہزاروں درخواستوں کی سکروٹنی کیلئے تعینات بین الاقوامی کمپنی کو جلد از جلد حتمی درخواستیں کمشن کو ارسال کرنے کی ہدایت کردی‘ کمشن نے پی آئی اے کے چیئرمین اور ایم ڈی کے تقرر کے لیے اپنی سفارشات وزیر اعظم کو بھجوا دیں۔ نیپرا کے نئے چیئرمین کے لئے سمری (کل) پیرکو وزیر اعظم کو بھجوائی جائےگی۔ کمشن کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرﺅف چودھری کی سربراہی میں قائم 3 رکنی کمشن نے اب تک پی ٹی اے کے چیئرمین کی تقرری کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ چیئرمین اور ایم ڈی پی آئی اے کے لئے کمشن نے اپنی سفارشات مرتب کر کے سمری حتمی منظوری کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کو بھجوا دی ہے۔ کمشن کے ذمہ دار ذرائع نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ کمشن کا کام تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ اوگرا اور پیرا کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد کی مدت ختم نہیں کی گئی جبکہ باقی اداروں کے لئے اس میں تبدیلیاں کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سٹیل ملز، آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (او جی ڈی سی ایل)، پی پی ایل ، این آئی سی ایل، ایس سی سی پی، ہاﺅسنگ بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پی ایس او اور سٹیٹ لائف کے لئے کمشن انٹرویوز کرے گا۔
کمشن/ انٹرویو