صوابی ۔ پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ سے دو کانسٹیبل جاں بحق ۔ دستی بم حملہ، ایک خاتون جاں بحق 4 زخمی
صوابی/ میران شاہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) صوابی کے پولیس سٹیشن پرمولی کے چیک پوسٹ درنگ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو کانسٹیبل جاں بحق جبکہ پولیس چوکی کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں موجود دو اہلکار مبصر نادر اور کانسٹیبل ساجد جاں بحق ہو گئے۔ ایس ایچ او تھانہ پرمولی حاجی محمد خان اور دیگر پولیس افسر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دریں اثناء صوابی میں کشکول بانڈہ کے علاقہ میں ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ دیگر 4 خواتین زخمی ہو گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان میں کرفیو کے باوجود سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول بم حملہ کر دیا جس سے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ دونوں زخمیوں کو میر علی ایف سی کیمپ منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سکیورٹی فورسز کی گاڑی کرفیو کے دوران گشت پر تھی۔ علاوہ ازیں ڈیرہ اسماعیل خان میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے جبکہ پشاور میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے سے اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ کلاچی سے پولیس لائنز آنے والی گاڑی کو گرہ جانہ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق دیسی ساختہ بم پریشر ککر میں نصب کر کے سڑک کے کنارے چھپایا گیا تھا۔ ڈی پی او نثار علی مروت کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے۔چوکی کو نذر آتش کرنے والے شدت پسندوں نے 5 کلووزنی بم بھی چوکی میں رکھ دیا تھا جو پھٹ نہیں سکا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم ناکارہ بنا دیا جس سے مزید تباہی کا خطرہ ٹل گیا۔