نواز شریف تھائی لینڈ پہنچ گئے، ایشیا بحرالکاہل سربراہ اجلاس سے خطاب کرینگے
بنکاک (نوائے وقت نیوز + آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف تھائی لینڈ کے تین روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو بنکاک پہنچے تو تھائی نائب وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور انکی اہلیہ کلثوم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ تین روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم تھائی لینڈ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے ’’ایشیا بحرالکاہل رابطہ سربراہ اجلاس‘‘ میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم اپنے دورہ تھائی لینڈ میں تھائی وزیر اعظم اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر خصوصی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف تھائی لینڈ کے سر مایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہو گی۔ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سیاسی، ثقافتی، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف کو دورے کی دعوت اگست میں تھائی وزیراعظم نے دورہ پاکستان کے دوران دی تھی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق تھائی لینڈ کے دورے کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف سے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کمشن برائے ایشیا اور بحرالکاہل کی ایگزیکٹو سیکرٹری نولین ہائزر ملاقات کریں گی۔