راولپنڈی کا واقعہ گہری سازش تھی، ملوث عناصر کو بے نقاب کرینگے: رانا ثنا
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ راولپنڈی واقعہ قومی یکجہتی کے خلاف گہری سازش تھی اور واقعہ میں ملوث ان سازشی عناصر کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں ، امن کے دشمن دونوں مسالک کے درمیان اختلافات پیدا کرکے قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوشش کے در پے تھے جنہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ واقعہ کے ذمہ داروں کو منظرعام پر لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ راولپنڈی واقعہ کے شہداء کی نماز جنازہ میں اہل سنت کے علماء کرام سمیت دیگر مکاتب فکر نے شرکت کرکے جس بھائی چارے اور یگانگت کا ثبوت دیا ہے وہی ہمارا ملکی وقار اور قومی امتیاز ہے۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے سانحہ راولپنڈی کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے جس عزم کا اظہار کیا ہے اسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت متاثرہ شہریوں کے جانی و مالی نقصان کا ازالہ بھی کرے گی۔