وزیر داخلہ بغاوت کو انقلاب خصوصی عدالت کو کمشن کہہ گئے
اسلام آباد (اے این این+ آن لائن) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے خصوصی عدالت تشکیل دی جائے گی۔ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان غلطی سے عدالت کے بجائے کمیشن کا لفظ استعمال کرگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیرداخلہ نے پریس کانفرنس میں غلطی سے پرویزمشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے چیف جسٹس سے کمیشن کے ارکان نامزدکرنے کا کہہ گئے۔ اس کارروائی کیلئے کمیشن نہیں تشکیل دیا جانا بلکہ خصوصی عدالت تشکیل دی جانی ہے جس کیلئے سپریم کورٹ سے ججوں کے نام مانگے جائیں گے۔ چودھری نثار علی خان کے مطابق ہائی ٹریژن ایکٹ1973ء کے تحت پرویز مشرف کا ٹرائل کیا جا رہا ہے کریمینل لاء کی سیکشن 4 کے تحت سپیشل ٹرائل کورٹ تشکیل دی جانی ہے۔ وزارت داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ وزیر داخلہ کا مطلب سپیشل کورٹ تھا۔ آن لائن کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان جوش خطابت میں 12اکتوبر 1999ء کی فوجی بغاوت کو فوجی انقلاب کہہ گئے۔ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چودھری نثار اس قدر جوش میں آگئے کہ اپنی حکومت کا تختہ اْلٹنے والے مشرف کی فوجی بغاوت کو فوجی انقلاب کہہ گئے جس کا احساس انہیں اس وقت ہوا جب ایک صحافی نے اس پر سوال اٹھایا جس پرانہوں نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا وہ شب خون اور فوجی بغاوت تھی۔