غیر آئینی اقدامات کے ذمہ دار مشرف ہیں: خالد مقبول، ایف آئی اے نے 25 بیان لئے
لاہور (آئی این پی) 3 نومبر2007کے پر ویز مشرف کے غیر آئینی اقدامات کے بارے میں ایف آئی اے نے تفتیش میں (ق) لیگ دور حکو مت کی 25اہم شخصیات کے بیان قلم بند کیے ہیں جبکہ سابق گور نرپنجاب خالد مقبول نے ’’تنہا ‘‘ پر ویز مشرف کو 3نومبر کے غیر آئینی اقدامات کا ذمہ دار قراردیدیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کو بیان میں سابق گورنر پنجاب خالد مقبول نے کہا اعلی عدلیہ پر ویز مشرف کو 3نومبر کے اقدامات کا ذمہ دار ٹھہرا چکی ہے اور 3نومبر کے اقدامات کے صرف پر ویز مشرف ذمہ دار ہیں۔ مجھ سے اس حوالے سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا جبکہ سابق سیکرٹری قانون میاں محمد اجمل نے بھی کہا کہ مجھ سے پر ویز مشرف نے3نومبر کے غیر آئینی اقدامات کے حوالے سے کوئی مشورہ کیا اور نہ ہی مجھے اس حوالے سے کچھ پتا ہے اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم نے بھی ان اقدامات سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔