• news
  • image

نیٹو سپلائی ڈرون حملے روکنے کے امریکی اعلان تک بند رہے گی : عمران : مستقل بندش کا فیصلہ بعد میں ہو گا : شاہ محمود قریشی

نیٹو سپلائی ڈرون حملے روکنے کے امریکی اعلان تک بند رہے گی : عمران : مستقل بندش کا فیصلہ بعد میں ہو گا : شاہ محمود قریشی

حضرو + اسلام آباد (آن لائن + این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمیں عمران خان نے کہا ہے ڈرون حملوں کے خلاف 23 نومبر کو پشاور میں تاریخی جلسہ کے دوران نیٹو سپلائی بند کریں گے اور اس وقت تک سپلائی بند رکھی جائے گی جب تک امریکہ ڈرون حملوں کو بند کر نے کا اعلان نہیں کر دیتا، واقعہ راولپنڈی انتظامیہ کی غفلت اور عالمی سازشوں کا نتیجہ ہے خیبر پی کے میں PTIکا بلدیاتی نظام مثالی ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرو کے نواحی علاقہ شمس آباد میں سابق وزیر مملکت برائے ماحولیات ملک امین اسلم کے والد کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا ملک دشمن قوتوںکی سازشیں ہیں پاکستان اور اسکی عوام ترقی کی راہوں سے دور رہیں اور اس بنا پر آئے روز پاکستان میں نت نئی سازش کر کے قوم اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور فوج کے درمیان تصادم کرانے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے واقعہ راولپنڈی کو بھی ملک دشمن قوتوں کی ایک سازش قرار دیا عمران خان بذریعہ ہیلی کاپٹر شمس آباد آئے تو سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ این این آئی کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں قائدین نے مختلف اہم ملکی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق کی معاونت مولانا حامد الحق اور مولانا سید محمد یوسف شاہ نے کی ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (س) ڈرون حملوں، نیٹو سپلائی اور بیرونی مداخلت کے خلاف طالبان سے مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ دونوں قائدین نے یہ طے کیا اس وقت پاکستانی قوم کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ ملک میں امن کا قیام ہے اور اس کے لئے ہم بھرپور کوششیں کریں گے۔ عمران خان نے کہا میں نے ہر اجلاس میں محسوس کیا ہے مولانا سمیع الحق اور میرے خیالات ایک جیسے ہیں اور اس ملک میں سب سے بڑا مسئلہ امریکی مداخلت ہے جب تک ہم امریکی غلامی سے نجات حاصل نہ کر لیں پاکستان اسی طرح اندرونی اور بیرونی مسائل کا شکار رہے گا۔ مولانا سمیع الحق نے عمران خان پر واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام اور دفاع پاکستان کونسل امریکی مداخلت، ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کو روکنے کے لئے تین برسوں سے سرگرم عمل ہیں اور ہم سمجھتے ہیں مذکورہ مسائل ہمارے ملک کی خود مختاری اور سالمیت کو سلب کر رہے ہیں۔ اجلاس میں صوبہ خیبر پی کے میں سیاسی جدوجہد کے لئے دونوں جماعتوں کی ایک مشترکہ کمیٹی کا فیصلہ کیا گیا جو عنقریب آپس میں بیٹھ کر بلدیاتی انتخاب سمیت تمام امور پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرے گی۔ اجلاس میں واقعہ راولپنڈی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا حکومت سنجیدگی سے اس اہم اور دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ دونوں قائدین نے قوم سے اپیل کی وہ دشمن کی سازشوںکو ناکام بنانے کے لئے صبر و تحمل کامظاہرہ کرے۔ دونوں قائدین نے آئندہ کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ملتان + اسلام آباد (جنرل رپورٹر + ایجنسیاں) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے راولپنڈی واقعہ کو حکومتی غفلت قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس فی الفور طلب کرنے اور شہید مدرسہ کی تعمیر نو اور تاجروں کو معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت نے اسمبلی اجلاس طلب نہ کیا تو اپوزیشن خود ریکوزیشن جمع کرائیگی۔ عدالتی کمیشن تحقیقات کا دائرہ وسیع کرے، پنڈی واقعہ ریاست پر حملہ ہے، بحالی امن میں حکومت کا ساتھ دیں گے، علمائے کرام عوام کے جذبات ٹھنڈے کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مشرف کے خلاف آرٹیکل6کی کارروائی بجا مگر ٹائمنگ پر حیرت ہوئی، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی سیاسی شعبدہ بازی ہے تو یہ خطرناک کھیل ہوگا۔ نیٹو سپلائی بند کرنے کیلئے ہر صورت 23 نومبر کو پشاور پہنچیں گے۔ اسلام آباد میں پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا واقعہ راولپنڈی کو بری طرح سے مس ہینڈل کیا جا رہا ہے۔ ہمیں واقعہ راولپنڈی پر افسوس ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، تاجر برادری کو معاوضہ ہر صورت ملنا چاہیے، حکومت سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا ملتان میں بھی حالات کشیدہ ہیں وہاں بھی فوج کا سہارا لینا پڑا، ایک پندرہ سالہ بچہ وارث ملتان میں فائرنگ سے شہید ہوگیا اسکا ذمہ دار کون ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے عدالتی کمشن صرف راولپنڈی نہیں ملتان واقعہ کی بھی تحقیقات کو اپنے دائرہ کار میں شامل کرے، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ ہارون آباد، چشتیاں، کوہاٹ، ہنگو اور بہاولنگر تک حالات کشیدہ ہونے لگے ہیں، نااہل لوگوں کی وجہ سے فساد کرایا جا رہا ہے۔ ملتان میں وکلاءاور پنڈی میں تاجروں نے احتجاج کیا ہے۔ حکومت کے ہاتھ سے معاملات نکل رہے ہیں۔ حکومت فوراً قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرے۔ ان واقعات کے عالمی اثرات میں ائرپورٹ پر مسافر خوار ہو رہے ہیں، مریض پریشانی میں ہیں، معیشت کو نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے 20 ارب روپے نقصان ہوا، حکومت سازشی عناصر کو بے نقاب کرے اور سخت سزا دے، معاملہ ابھی سلجھا نہیں حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی اسمبلی میں موجود پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن جماعتیں ریکوزیشن میں ہمارا ساتھ دیں گی۔ اس موقع پر شیریں مزاری نے کہا ملک جل رہا ہے اور وزیراعظم کا کوئی اتہ پتہ نہیں وہ کولمبو بنکاک کی سیر کررہے ہیں، صدر مملکت بھی کوئی کردار ادا نہیں کر رہے، نذرآتش کیا گیا مدرسہ حکومت تعمیر کرائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا واقعہ پنڈی سازش ہے تو حکومت سازشی عناصر کو بے نقاب کرے، ہم یہ دعویٰ نہیں کرتے نیٹو سپلائی بند کرنے سے ڈرون بند ہو جائیں گے، ڈرون حملوں کے خلاف قومی اسمبلی کی آواز عالمی برادری بالخصوص امریکہ کو سننی چاہیے، یہ جنگی جرائم ہیں، ہم ڈرون حملوں یا نیٹو سپلائی پر سیاست نہیں کر رہے، پانی پلوں کے نیچے سے بہہ چکا ہے، اب قوم کو باہر نکلنا ہو گا، تمام سیاسی جماعتیں اور قائدین ہماری سپورٹ کریں اور قافلے میں شامل ہوں، ہم اپنے وسائل پر 23 نومبر کو پشاور پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا اصولاً وفاقی حکومت کو نیٹو سپلائی بند کرنی چاہیے، کے پی کے حکومت ازخود ایسا نہیں کر سکتی، ہم بطور صوبائی حکومت نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت نیٹو سپلائی کے خلاف احتجاج کریں گے۔ نیٹو سپلائی کو مستقل بند کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائیگا۔
شاہ محمود قریشی

epaper

ای پیپر-دی نیشن