سیکرٹری دفاع کی انٹراکورٹ اپیل مسترد‘ توہین عدالت کی کارروائی کل سے شروع ہو گی
سیکرٹری دفاع کی انٹراکورٹ اپیل مسترد‘ توہین عدالت کی کارروائی کل سے شروع ہو گی
اسلام آباد (وقائع نگار + بی بی سی + ثناءنیوز) سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے سیکرٹری دفاع کی توہین عدالت کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل مسترد کردی ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ میں عدالتی حکم کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ کروانے کے اقدام کیخلاف سیکرٹری دفاع کے خلاف فرد جرم عائد کئے جانے کا فیصلہ برقرار ہے۔ پیر کے روز عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی بنچ نے جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ فاضل بنچ میں جسٹس اعجاز احمد چودھری، جسٹس محمد اطہر سعید، شیخ عظمت سعید اور جسٹس اقبال حمید الرحمان شامل ہیں بنچ نے درخواست گزار کے خلاف توہین عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل مستردکرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے۔ سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت 20 نومبر سے عدالت میں شروع ہوگی۔ واضح رہے کہ عدالتی حکم کے باوجود کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد نہ کروانے پر سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی تھی۔ سیکرٹری دفاع کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی عدالت کے روبرو پیش ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے موکل کی جانب سے عدالت کے عبوری حکم کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے اس کا فیصلہ آنے تک کیس کی سماعت ملتوی کی جائے ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری دفاع آصف یٰسین بیرون ملک جا رہے ہیں اس لئے ان کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے ان کی استدعا منظور کر لی۔
سیکرٹری دفاع