ملکی زرمبادلہ میں مزید کمی، سٹیٹ بنک کے 4 ارب ڈالر سے نیچے آ گئے
ملکی زرمبادلہ میں مزید کمی، سٹیٹ بنک کے 4 ارب ڈالر سے نیچے آ گئے
اسلام آباد (آئی این پی) رواں ماہ کے دوران آئی ایم ایف کو دو اقساط کی ادائیگی کے نتیجے میں زر مبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے نیچے گر گئے، نومبر کے ابتدائی دو ہفتوں کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کمی واقع ہوئی، سٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر بھی 4 ارب ڈالر سے نیچے ہو گئے۔ سٹیٹ بینک کے ذرائع کے مطابق یکم نومبر کو سٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.2245 ارب ڈالر تھا کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرکی بدولت اب بھی 5 ارب 23 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی سطح پر موجود ہیں۔ ان میں بھی گزشتہ ہفتے کے دوران 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ واضح رہے کہ زرمبادلہ کے گرتے ذخائر اور روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے باوجود پاکستان رواں ماہ عالمی مالیاتی اداروں کو ایک ارب ڈالر کے قرضے واپس کرے گا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق ایک ارب ڈالر میں سے عالمی مالیاتی فنڈ کو گیارہ نومبر کو 14کروڑ 70لاکھ ڈالر ادا کئے گئے جبکہ 15کروڑ ڈالر 18نومبر کو واپس کئے جائیں گے اور 40کروڑ ڈالر کی ادائیگی 26نومبر کو ہوگی۔ اس طرح عالمی مالیاتی فنڈ کو رواں ماہ مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر واپس کئے جائیں گے، جبکہ 30کروڑ ڈالر عالمی بینک اور دیگر ڈونرز کو واپس کئے جائیں گے۔ ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، ایک ارب ڈالر کی ادائیگی سے نہ صرف ذخائر پر دباﺅ بڑھے گا، بلکہ روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔
زرمبادلہ