لاہور ریجن ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات میں شاہدہ خانم دوسری مرتبہ بھاری اکثریت سے صدر منتخب
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) لاہور ریجن ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات میں شاہدہ خانم مسلسل دوسری مرتبہ بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوگئیں جبکہ روبینہ نسرین کو سیکرٹری اور گلشن نسرین کو خزانچی منتخب کرلیا گیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پی ایچ ایف کے چیف الیکشن کمشنر ارشد انصاری اور کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل ہاکی پلیئر خواجہ اویس کی زیر نگرانی انتخابات میں شاہدہ خانم کا مقابلہ ثمن رشید گروپ کی غزالہ طارق سے تھا۔ شاہدہ خانم کو لاہور ریجن کے سکول اور کالجز کی ٹیموں کی واضح حمایت حاصل رہی جبکہ ثمن رشید کے پاس پاکستان واپڈا ہاکی ٹیم کی کھلاڑیوں کے پرائیویٹ سکولوں کے سوا کوئی ٹیم نہیں تھی۔ ثمن رشید اپنے گروپ کی گنتی بڑھانے کے لئے لندن اولمپک میں شرکت کرنے والی اتھلیٹ رابعہ عاشق کو بھی ہاکی تھما کر گرائونڈ میں لے آئیں جبکہ واپڈا سے تعلق رکھنے والی دیگر کھیلوں کی کھلاڑیوں کو بھی مختلف ٹیموں کا حصہ بنایا گیا تھا۔ سکروٹنی کے بعد کوآرڈینیٹر خواجہ اویس نے دونوں گروپوں کی حمایتی خواتین کی گنتی کرائی تو اس میں پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والی ہاکی ٹیم کی کھلاڑیوں، بینش حیات، آسیہ صدیق، عذرا ناصر، صباء سعید ، سونیا خان اور غیر متعلقہ خواتین بھی شامل تھیں جس پر شاہدہ خانم اور ان کے گروپ نے شدید احتجاج کیا۔ الیکشن کوآرڈینیٹر خواجہ اویس نے پی ایچ ایف کے قوانین کے مطابق سکروٹنی کرنے کے بعد شاہد خانم گروپ کو فاتح قرار دیدیا۔