قائداعظم ٹرافی کے تیسرے روز لاہور راوی کی ٹیم نے بہاولپور کے خلاف 103 رنز کی برتری حاصل کر لی
لاہور/سیالکوٹ (سپورٹس رپورٹر/نامہ نگار) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری قائداعظم ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے چوتھے مرحلے کے تیسرے روز ایل سی سی اے لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور راوی کی ٹیم نے بہاولپور کے خلاف 103 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے تیسرے روز بہاولپور ریجن نے اپنی پہلی اننگز 235 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی اور بقیہ پانچ وکٹیں ٹوٹل میں 139 رنز کا اضافہ کر کے 374 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ بہاولپور کے عمران اﷲ نے 175 اور فیصل مبشر نے 90 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ لاہور راوی کی جانب سے بلاول اقبال نے پانچ، تنزیل الطاف نے تین جبکہ علی منظور نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک لاہور راوی کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا کر 103 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی تھیں۔ لاہور راوی کے اخلاق بٹ 106 اور منتظر مہدی 56 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دریں اثناء قائداعظم ٹرافی کے تیسرے روز راولپنڈی ریجن اپنی پہلی اننگز میں مزید 107رنز کا اضافہ کرکے 276رنز بنا کرپہلی اننگز میں 29رنز کی برتری حاصل کر لی جبکہ سیالکوٹ ریجن نے اپنی دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 173بنا لئے۔ جناح سٹیڈیم میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے روز راولپنڈی ریجن نے 169/5سے دوبارہ کھیل شروع کیا اور پوری ٹیم 276رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ راولپنڈی ریجن کی پہلی اننگز میں شعیب کے 48 اورزاہد مقصود کے 70 رنز شامل ہیں۔