• news

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا

جوہانسبرگ (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل بدھ کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس جیت کا عزم لئے جنوبی افریقہ پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ جنوبی افریقن ٹیم گرین شرٹس کے خلاف فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے جذبے سے میدان میں اترے گی جبکہ دوسری جانب پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات کے مقام پر پروٹیز کے ہاتھوں ناکامیوں کی روایت کو توڑنے کی کوشش کرے گی۔ متحدہ عرب امارات میں پروٹیز ٹیم نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 4-1 اور ٹی ٹونٹی سیریز میں 2-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں 2007ء سے اب تک مجموعی طور پر 10 بار آمنے سامنے ہو چکی ہیں، جن میں سے پانچ میں پروٹیز اور چار میں پاکستانی ٹیم فتح یاب رہی اور ایک میچ منسوخ ہو گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری میچ 22 نومبر کو کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 24 نومبر کو کیپ ٹائون، دوسرا میچ 27 نومبر کو پورٹ الزبیتھ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 30 نومبر کو سینچورین میں کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن