ملک میں جاری خون کی ہولی روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں:جماعت اہلحدیث
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک میں جاری خون کی ہولی روکنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، ان خیالات کا اظہار جماعت اہلحدیث کے رہنمائوں نے گذشتہ روز ہونے والے لاہور جماعت کے اجلاس میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کی۔ مولانا بشیر سلفی، مولانا شاہد جانباز، حافظ عتیق الرحمن، مولانا سلمان عادل، مولانا خلیل الرحمن خلجی اور مولانا عبدالزاہر سمیت دیگر رہنمائوں نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ بازار راولپنڈی میں ہونے والی سر عام دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں باقاعدہ طور پر قرارداد پیش کی گئی کہ بلاتفریق کارروائی عمل میں لا کر واقعہ کے ذمہ داران کو جلد سے جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ مولانا شکیل الرحمان ناصر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں جان و مال کے ضیاع کا واقعہ افسوسناک ہے۔