مشرف غداری کیس: جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت قائم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے این این) حکومت نے پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کیس کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت قائم کر دی۔ وزیراعظم ہائوس سے جاری ہونیوالے اعلامیے میں مزید یہ کہا گیا کہ خصوصی عدالت کے ججوں کی منظوری سنیارٹی کی بنیاد پر دی گئی ہے۔جسٹس فیصل عرب خصوصی عدالت کے سربراہ ہوں گے۔ دیگر دو ججز میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی شامل ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے خصوصی عدالت کیلئے تین ججز کے ناموں کی حتمی منظوری دی۔ جس کے بعد حکومت نے خصوصی عدالت کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب سندھ ہائیکرٹ کے جج ہیں جبکہ سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان ہائیکورٹ اور جسٹس یاور علی لاہور ہائیکورٹ کے جج ہیں۔ خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحتغداری کے مقدمے کی کارروائی کی سماعت کرے گی۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کے لئے خصوصی عدالت کی تشکیل کے لئے پانچوں ہائیکورٹ کے نامزدکردہ پانچ ججوں کے نام سیکرٹری قانون کو بھجوا دیئے تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے جسٹس نور الحق قریشی، لاہور ہائیکورٹ سے جسٹس محمد یاور علی، سندھ ہائیکورٹ سے جسٹس فیصل عرب، بلوچستان ہائیکورٹ سے سیدہ طاہرہ صفدر، پشاور ہائیکورٹ سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو نامزد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لئے وزارت قانون کی جانب سے خصوصی عدالت قائم کرنے کے لئے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ہائی کورٹس کے ججوں پر مشتمل 3 رکنی بنچ تشکیل دینے کی درخواست کی گئی تھی جس پر چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی جانب سے پانچوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھے گئے تھے جن میں ان سے ایک ایک جج کا نام مانگا گیا تھا۔ خط کے جواب میں پشاور ہائی کورٹ سے سینئر جج جسٹس یحیٰ آفریدی، سندھ ہائی کورٹ سے جسٹس فیصل عرب، اسلام آباد ہائی کورٹ سے جسٹس نور الحق قریشی، لاہور ہائی کورٹ سے جسٹس یاور علی اور بلوچستان ہائی کورٹ سے جسٹس طاہرہ صفدر کا نام تجویز کیا گیا جس کے بعد رجسٹرار سپریم کورٹ نے پانچوں ججز کے نام سروس پروفائل کے ساتھ سیکرٹری قانون و انصاف کو بھجوا دئیے۔ دوسری جانب قانونی ماہرین کے مطابق خصوصی عدالت کی تشکیل کے بعد سیکرٹری داخلہ اس بنچ کے سامنے شکایت کنندہ کے طور پر پیش ہوں گے جس کے بعد عدالت سابق فوجی صدر کے خلاف غداری کے مقدمے میں عدالتی کارروائی کا آغاز کر دے گی۔خصوصی عدالت اسلام آباد ہائیکورٹ میں کام کریگی