سجاد غنی کور کمانڈر کراچی‘ نجیب اللہ کوارٹر ماسٹر جنرل‘ اعجاز چودھری انسپکٹر جنرل آرمز تعینات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) بری فوج میں اعلیٰ سطح کے تبادلے کئے گئے ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل نجیب اللہ کو جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اعجاز چودھری کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آرمز مقرر کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کراچی کے نئے کور کمانڈر بنادئیے گئے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی سبکدوشی سے صرف دس روز پہلے یہ تبادلے کئے گئے ہیں۔ اے این این کے مطابق آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کو کورکمانڈر کراچی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ انکے پیشرو لیفٹیننٹ جنرل اعجاز احمد چودھری کو آئی جی آرمرز تعینات کیا گیا ہے جبکہ پاک آرمی کے انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل نجیب احمد کو نیا کوارٹر ماسٹر جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔ واضح رہے لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی سوات آپریشن کی کمان بھی کرچکے ہیں۔ آن لائن کے مطابق یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جبکہ حکومت آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کیلئے ناموں پر غور کر رہی ہے جن کا جلد اعلان متوقع ہے۔