بینظیر اور بگٹی کیسوں کی طرح آرٹیکل 6 کے مقدمہ کی بھی میرے لئے وقعت نہیں: مشرف
سرگودھا (آن لائن)سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بے نظیر اور اکبر بگٹی کیسوں کی طرح سپریم کورٹ کو بھجوائے جانیوالے آرٹیکل 6 کے خط کی بھی میرے نزدیک کوئی وقعت نہیں۔ ایسی حرکات سے نہ تو مجھے ملک چھوڑنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی خوفزدہ کر کے سیاست اور عوام سے دور کیا جا سکتا ہے۔ مخالفین سن لیں پاکستان کے عوام کی بقاء کی جنگ لڑنے کیلئے وطن آیا ہوں‘ دنیا کی کوئی طاقت مجھے عوام سے دور نہیں کر سکتی۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما شوکت گورائیہ سے ٹیلیفون بات چیت کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ آنیوالے وقت میں پارٹی کو مضبوط کریں گے،حکومت ملک کو عدم استحکام پیدا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ،میرا نعرہ پہلے بھی ’’سب سے پہلے پاکستان ‘‘اور آج بھی یہی ہے،ملکی تاریخ گواہ ہے کسی بھی دور میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے جتنے میرے دور حکومت میں کئے گئے ،اورجوترقی اور خوشحالی آئی تھی اسکی مثال نہیں ملتی۔ یہ بات ہرباشعور پاکستانی جانتا ہے کہ مجھ پربنائے گئے کیس بے بنیاد اورجھوٹے ہیں اور پوری دنیادیکھے گی کہ عنقریب یہ کیس بھی بے بنیاد ثابت ہوگا،انشاء اللہ آل پاکستان مسلم لیگ جسے یہ مفاد پرست طبقہ اور جاگیر دار دبانے کی کوشش میں ہیں ہی ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔