مبینہ مشرف فاؤنڈیشن کا 20 لاکھ ڈالر کا فراڈ، امریکہ میں سابق صدر کیخلاف مقدمے کا خدشہ
نیویارک (نیوز ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کی امریکہ میں قائم فاؤنڈیشن کی 20 لاکھ ڈالر کے مبینہ فراڈ کیوجہ سے مشرف کے خلاف امریکہ میں بھی مقدمہ درج ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مشرف فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کے نام پر 20 لاکھ ڈالر جمع کئے لیکن ایک بھی ڈالر پاکستان نہیں بھیجا۔ اسی فاؤنڈیشن کی ایک شاخ برطانیہ میں بھی قائم ہوئی تھی تاہم برطانوی چیئرمین کمشن نے اس فاؤنڈیشن کو اپنی لسٹ سے خارج کر دیا تاہم امریکہ میں بدستور کام کر رہی ہے۔ جبکہ پاکستان میں اس کے آپریشن بند ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مشرف انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے ترجمان ہونے کے دعویدار رضا بخاری نے برطانیہ میں بند ہونے والی فاؤنڈیشن کی شاخ سے اظہار لاتعلقی کیا ہے تاہم امریکہ میں بے ضابطگیوں کے باعث مشرف کیخلاف مقدمے کا خدشہ ہے۔