• news

رینٹل پاور کیس: راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت پیش‘ 2 دسمبر کو فرد جرم لگے گی

اسلام آباد (نامہ نگار + آئی این پی + نیشن رپورٹ) رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں۔ گذشتہ روز رینٹل پاور کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ سابق وزیراعظم عدالت کے روبرو پیش ہوئے، عدالت نے سابق وزیراعظم کو نیب ریفرنس کی نقول فراہم کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ راجہ پرویز اشرف پر رینٹل پاور منصوبے میں کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ واضح رہے کہ رینٹل پاور کیس میں 9 ملزمان پر نیب کی جانب سے پہلے ریفرنس دائر کیا گیا جس کے بعد موجودہ چیئرمین قمر زمان چودھری کی جانب سے راجہ پرویز اشرف کو ملزم قرار دیتے ہوئے ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا گیا، 263 صفحات پر مشتمل ریفرنس نیب کی جانب سے عدالت میں دائر کیا گیا تھا۔ رینٹل پاور کیس میں راجہ پرویز اشرف دسویں ملزم ہیں ان سے قبل سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شیخ ضرار اسلم، سابق ایم ڈی پیپکو انجینئر طاہر بشارت چیمہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ آئی این پی کے مطابق رینٹل پاور کیس میں 2 دسمبر کو سابق وزیراعظم کے خلاف باقاعدہ فرد جرم عائد کی جائے گی۔ گذشتہ روز نیب کے عہدیدار نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ راجہ پرویز اشرف نوڈیرو رینٹل پاور پلانٹ کے مقدمہ میں نامزد ہیں اور دیگر چھے منصوبوں میں ان کے ملوث ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مارچ 2012ء میں رینٹل پاور منصوبوں کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ نیشن کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نیب کی تفتیشی ٹیم کے مطابق تمام 12 ریفرنسز میں ملوث ہیں۔ واضح رہے اس سے قبل چھ نومبر کو ہونے والی کیس کی سماعت میں راجہ پرویز اشرف کو ملزم نامزد کیا گیا تھا، کیس کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر راجہ پرویز اشرف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں سارے معاملات آئینگے جس کا پوری قوم کو پتہ چلے گا جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ اگر انہوں نے کوئی غلطی کی ہے تو استغاثہ ثابت کرے، اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن