• news

چکی کا آٹا 2 روپے کلو، یوٹیلٹی سٹور پر تھیلا 10 روپے مہنگا

لاہور (کامرس رپورٹر + ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت میں چکی آٹا مالکان نے ایک کلو چکی آٹا کی قیمت میں 2 روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے اس کی قیمت 50 روپے کلو ہو گئی ہے چکی آٹا مالکان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 200 روپے اضافے سے 1600 روپے تک  پہنچ گئی ہے ان حالات میں ہمارے لئے چکی آٹا کی  فی کلو قیمت میں اضافہ ناگزیر تھا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ گندم کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدام کرے ورنہ صورت حال بہت خراب ہو جائے گی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے اس کا ریٹ 785 روپے ہو گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز کے ذرائع کے مطابق آٹے کے تھیلے کی قیمت پنجاب حکومت کی  مقررہ قیمت 785 روپے کے برابر لائی گئی۔ ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں ناجائز منافع خور دکاندار سبزیاں پھل اور دیگر اشیا کئی گنا مہنگے داموں فروخت کرتے رہے۔ آلو نیا 60 کے مقررہ سرکاری ریٹ کی بجائے 85، پیاز 52 کی بجائے 65، ٹماٹر 110 روپے کی بجائے 150، لہسن چائنہ 104 کی بجائے 135 روپے کلو، ادرک چائنہ 204 کی بجائے 250، پالک 18 کی بجائے 25 روپے کلو، بینگن 29 کی بجائے 34 روپے، کھیرا فارمی 28، بند گوبھی 60، پھول گوبھی 70، دیسی ٹینڈے 65، کریلے 110، گھیا کدو 44، مٹر 110 روپے، شملہ مرچ 90 روپے کلو، سبز مرچ 75 روپے، لیموں 70 روپے، مولی 9 روپے کی بجائے 20 روپے، بھنڈی 95، اروی 60 روپے، پھلیاں 60 روپے، شلجم 50 روپے، گاجر 45، ساگ 30 روپے کلو، سیب کالاکولو پہاڑی 90 روپے کی بجائے 100 وپے، کھجور 124 روپے کی بجائے 220 روپے، کیلا درجن 44 کی بجائے 50روپے۔ انار قندھاری 145، انگور ٹافی 200 روپے، جاپانی پھل 70، امرود 55 روپے کلو، فروٹر درجن 44 روپے کی بجائے 60 روپے، مسمی درجن 64 روپے کی بجائے 75 روپے میں فروخت کئے گئے۔ واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا۔ انتظامیہ بے بس تماشائی بنی ہوئی ہے۔ گھی، چینی، دالیں، چاول، آٹا، سبزی، پھل، مصالحہ جات اور انڈوں کی قیمتوں میں پچیس سے تیس فیصد تک اضافے نے لوگوں کی چیخیں نکال دیں۔ دال مسور کی سو کلو کی بوری نو ہزار پانچ سو روپے سے بڑھ کر 12 ہزار جبکہ دال مونگ 1150 تک جا پہنچی ہے۔ رہی سہی کسر بھی چاول نے نکال دی۔ تھوک میں سو کلو کی بوری 11 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ ادھر ملک بھر میں گنے کی کرشنگ میں تاخیر سے ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ رواں ماہ چینی کی فی کلو قیمت میں ملک بھر میں اوسط 3 سے 4 روپے اضافہ دیکھا گیا۔ لاہور میں چینی 4 روپے مہنگی ہوکر 61 روپے، اسلام آباد میں 62، راولپنڈی میں 8 روپے بڑھ کر 62، پشاور میں 5 روپے اضافہ کے ساتھ 60 روپے جبکہ کوئٹہ میں چینی 2 روپے مہنگی ہوکر 60 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ کراچی کی ریٹیل مارکیٹ میں چینی 57 روپے فی کلو پر مستحکم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن