لاہور فٹبال لیگ کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لاہور لیگ کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، تمام رجسٹرڈ کلبوں پر لیگ میں شرکت کرنا لازمی ہوگا۔ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر میاں رضوان علی کے مطابق ڈسٹرکٹ فٹبال لیگ میں ایسوسی ایشن سے الحاق رکھنے والی 68 کلبوں کو شرکت کیلئے خطوط ایک دو روز میں جاری کر دیئے جائینگے، انہوں نے کہا کہ لیگ کے میچز شہر میں پانچ مقامات پر کروائے جائیں گے جن میں پنجاب سٹیڈیم، پنجاب یونیورسٹی گرائونڈ، ماڈل ٹائون گرائونڈ، فیصل ٹائون گرائونڈ اور اقبال پارک فٹبال گرائونڈ شامل ہیں۔ میاں رضوان علی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن سے الحاق رکھنے والی تمام کلبوں کو اس لیگ میں شرکت کرنا ہوگی اور جو کلب اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا اس کا ووٹ کینسل کر دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فٹبال لیگ کھیلنے والے کلبوں کو ہی آئندہ انتخابات میں رائٹ آف ووٹ دیا جائے گا کیونکہ اس لیگ سے جعلی کلبیں سامنے آجائیں گی۔