مصباح الحق کی ڈیڑھ سال بعد ٹی ٹونٹی میں واپسی ‘ رزاق ‘ شعیب ٹیم سے آئوٹ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے عبدالرزاق کو نکال کرمصباح الحق کو ڈال دیاگیا ۔ ان فٹ شعیب ملک کی جگہ اسد شفیق سکواڈ میں شامل ٗ محمد عرفان ان فٹ ٗوہاب ریاض کو بھی جگہ نہیں ملی ۔عبدالرزاق جنہیں متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا پوری طرح فٹ دکھائی دے رہے تھے تاہم سلیکٹرز نے انہیں دورہ جنوبی افریقہ کیلئے ٹیم میں شامل کرنے کے بعد جھنڈی دکھا دی ۔سابق کپتان شعیب ملک بھی سلیکٹرز کی نظروں میں ’’ ان فٹ ‘‘ ہوگئے اور ان کی جگہ اسد شفیق کو طلب کرلیا گیا ۔ مسلسل خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد حفیظ ٗ ناصر جمشید ‘شاہد آفریدی اور عمر امین بدستور ٹیم کا حصہ ہیں ۔ عبدالرزاق کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز شروع ہونے سے صرف ایک روز قبل ڈراپ کئے جانے پر شائقین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ جوہانسبرگ میں پریکٹس کے دوران شعیب ملک انگلی میں چوٹ لگنے اور عبد الرزاق ٹانگ میں تکلیف کے باعث اچانک’’ ان فٹ‘‘ ہوگئے جس کے باعث اب وہ سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور جلد وطن واپس لوٹ آئیں گے۔ فاسٹ بائولر محمد عرفان پہلے ہی انجری کا شکار ہوکر ٹیم سے باہر ہیں۔ ٹیم میں دو نئے بالروں بلاول بھٹی اور انور علی کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔