سنی اتحاد کونسل فرقہ وارانہ منافرت کیخلاف ’’اتحادِ اُمّت مہم‘‘ چلائے گی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل فرقہ وارانہ منافرت کے خلاف ’’اتحادِ اُمّت مہم‘‘ چلائے گی، اس سلسلہ میں تمام مذہبی راہنمائوں کو خطوط ارسال کیے جائیں گے۔ راولپنڈی اور کوہاٹ کے المناک واقعات الارمنگ ہیں۔ ناکام ریاست بننے سے بچنے کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔راولپنڈی کے تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ پاکستانی معاشرہ ٹائم بم بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبائے اسلام کے سابق مرکزی صدر سیّد جوادالحسن کاظمی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد اور چکوال کے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نئی حکومت نے عوامی مسائل کم کرنے کی بجائے بڑھا دیئے ہیں۔ ملک وزیرخارجہ اور وزیردفاع کے بغیر چلایا جا رہا ہے۔ دوست نما دشمنوں کو عوام کے سامنے لا کر ان کا کڑا احتساب کیا جائے۔