خصوصی بچوں اور افراد کو توجہ دیکر معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے: بیگم گورنر
لاہور (لیڈی رپورٹر) بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے کہا ہے کہ سپیشل بچے اور افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ان پر توجہ دیکر انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جا سکتا ہے۔ ان کی صحت یابی اور بحالی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز فائونٹین ہائوس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ بیگم گورنر نے ذہنی اور جسمانی طورپر معذور افراد اور بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب محترمہ پروین سرور نے ادارے کی طرف سے خصوصی افراد / بچوں کی نگہداشت اور ان کی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسز اعجاز اور بیگم کرنل مسرت قیوم بھی ان کے ہمراہ تھیں۔