• news
  • image

کراچی : پانچ افراد کی ٹارگٹ کلنگ‘ پولیس وین پر فائرنگ‘ کانسٹیبل جاں بحق‘ دو امام بارگاہوں پر بموں سے حملے

کراچی : پانچ افراد کی ٹارگٹ کلنگ‘ پولیس وین پر فائرنگ‘ کانسٹیبل جاں بحق‘ دو امام بارگاہوں پر بموں سے حملے

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں امام بارگاہ اور سابق یو سی ناظم کے گھر پر بموں سے حملے کئے گئے جبکہ فائرنگ، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق 8 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کٹی پہاڑی کے علاقے فقیر کالونی میں موٹر سائیکل سوار افراد نے امام بارگاہ پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کردی جس سے دو افراد دانش رضوی اور سبطین رضا شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے اور فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر پٹیل پاڑہ میں نامعلوم افراد نے ایک سابق یو سی ناظم کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا۔ دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق حملہ بھتہ خوروں نے پیسے نہ ملنے پر کیا۔ ادھر قصبہ کالونی کے بلا ک ایکس میں نامعلوم افراد نے ایک امام بارگاہ کے قریب فائرنگ کردی اور جاتے ہوئے 8 کلو وزنی بم پھینک گئے جو پھٹ نہ سکا۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے اطلاع ملنے پر بم کو ناکارہ بنا دیا۔ دریں اثناءحسن سکوائر کے قریب نامعلوم افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں بالا لاڈلا اور عزیر بلوچ کے حامیوں میں جھڑپیں جاری رہیں۔ فریقین نے 5 آوان گولوں سے ایک دوسرے پر حملے کئے جن سے 5 افراد زخمی ہو گئے۔ لانڈھی نمبر ساڑھے 3 میں رابعہ نامی خاتون کو قتل کردیا گیا۔ جمشید کوارٹرز کے علاقے میں اسلامیہ کالج کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے 27 سالہ اشفاق یونس کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 30 سالہ جاوید کو گولیوں سے بھون دیا گیا۔ بلدیہ ٹاﺅن نمبر 7 میں ایک مکان سے 60 سالہ آمنہ زوجہ مہران شاہ کی نعش ملی جسے تشدد کرکے ہلاک کیا گیا۔ ادھر درخشاں کے علاقے سی ویو میں ڈی ایس پی نصیر شیخ کے بنگلے کی ملازمہ نے ڈی ایس پی کے گارڈ کانسٹیبل حاکم کو گلا کاٹ کر قتل کردیا اور 10 لاکھ روپے اور لاکھوں کے زیورات لوٹ کر لے گئی۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 64 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا گیا۔لیاری میں رات گئے رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران گینگ وار کے ملزموں نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں دو ملزم نوید اور اسکا ساتھی مارے گئے۔ ملزموں کا تعلق فیصل پٹھان اور تاجو گروپ سے بتایا گیا ہے۔

کراچی

epaper

ای پیپر-دی نیشن