شمالی وزیرستان‘ چیک پوسٹ صوابی میں چوکی پر حملے‘ چار اہلکار‘ چار شدت پسند جاں بحق
شمالی وزیرستان‘ چیک پوسٹ صوابی میں چوکی پر حملے‘ چار اہلکار‘ چار شدت پسند جاں بحق
میران شاہ + صوابی (اے این این) شمالی وزیر ستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں 4 اہلکار جاںبحق 7 زخمی ہوگئے جبکہ صوابی میں پولیس چوکی پر حملے کے دوران فائرنگ میں4 شدت پسند مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو صبح ساڑھے سات بجے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں شدت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی سکیورٹی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی، دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار جاںبحق اور 7 زخمی ہو گئے، شدت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ بھی کی۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور میر علی ٹل روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چیک پوسٹ پر 4 شدت پسندوں نے حملہ کیا جن میں سے ایک نے خود کو دھماکہ خیز مود سے اڑا دیا جبکہ 3 فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعہ کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کی ذیلی تنظیم انصار المجاہدین نے قبول کر لی ہے۔ تنظیم کے ترجمان ابوبصیر نے کہا کہ حملہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کا بدلہ تھا اور مزید کارروائیا ں کی جائیں گی۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کے اعضا اور دیگر شواہد اکٹھے کر لئے اور شدت پسندوں کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری جانب خیبر پی کے کے ضلع صوابی میں پولیس چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور پولیس کی فائرنگ سے 4 حملہ آور مارے گئے۔ صوابی کے علاقے نتھیان میں 12 شدت پسندوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا تاہم پولیس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جوابی کارروائی میں 4 شدت پسند مارے گئے جبکہ باقی فرار ہو گئے۔ حملے کے بعد پورے علاقے کو سکیورٹی فورسز اور پولیس نے گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔ ڈی پی او صوابی نے 4 حملہ آوروں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے جن کی نعشیں قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ شدت پسندوں کے قبضے سے 4 دستی بم، 4 کلاشنکوف، 8 میگزین اور 35 کارتوس بھی برآمد کر لئے گئے۔ ادھر لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ملک علی سرور خان کے حجرے پر دستی بم کے حملے میں عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تاہم حجرے میں موجود افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ ملک علی سرور خان کا شمار پارٹی کے اہم رہنماﺅں میں ہوتا ہے۔ دریں اثناءلکی مروت سٹی کے میلہ منڈی بازار میں واقع ایک بنک کی اے ٹی ایم مشین پر نامعلوم افراد نے گذشتہ شب فائرنگ کی جس سے مشین کو نقصان پہنچا، شہر میں کسی بنک کی طرف سے اے ٹی ایم کی یہ واحد سہولت تھی۔
خودکش حملہ