• news
  • image

دبئی ائر شو: جے ایف تھنڈر اور سپر مشاق کے حیرت انگیز کرتب، حاضرین دم بخود رہ گئے

اسلام آباد + لاہور (سٹاف رپورٹر + خبر نگار) خلیجی ریاست دبئی میں جاری رواں برس کے ائر شو میں پاکستان کا لڑاکا طیارہ جے ایف تھنڈر اور تربیتی طیارہ سپر مشاق شو کے شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار ران تنویر حسین شو میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں جبکہ چیف آف ائر سٹاف ائرمارشل طاہر رفیفق بٹ اور ایئر وائس مارشل سہیل گل خان وفد کا حصہ ہیں۔ وفاقی و زیر نے مختلف ممالک کے وفود سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں تیار کردہ مختلف دفاعی مصنوعات اور آلات کی تفصیلات بتائیں۔ عراق کے وزیر دفاع سیدون دلامی کی سربراہی پر مشتمل وفد نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے دفاعی تعاون کے شعبہ پر تبادلہ خیال کیا اور بتایا کہ پاکستان میں تیار کردہ دفاعی آلات کم لاگت اور معیاری ہیں۔ ترک نائب وزیر دفاع حسن کیماک کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی دفاعی صنعت کی استعداد کے بارے میں بتایا۔ جے ایف 17 تھنڈر کے پائلٹ نے حیرت انگیز کرتب دکھائے، پہلے جہاز کو سیدھا اوپر لے گیا اور پھر اسکو رول کیا، تمام حاضرین دم بخود رہ گئے۔ جے ایف 17 تھنڈر کے شاندار کرتبوں کے بعد سپر مشاق نے بھی آسمان کی بلندیوں میں رولنگ کا مظاہرہ کیا۔ دبئی ائر شو میں موجود دنیا کی مشہور کمپنیوں کے کرتبوں کے ہم پلہ تھا۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر کے پائلٹ نے فضائی کرتبوں کی ایک نئی جہت کو متعارف کرایا جس کو نہ صرف دبئی ائر شو میں شریک ساری دنیا سے آئے ہوئے شائقین نے سراہا بلکہ دنیا کی سرفہرست فضائی افواج کے ہوابازوں نے جے ایف 17 تھنڈر کے پائلٹ کی کارکردگی کو بہت پسند کیا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن