توہین عدالت کیس ۔ سیکرٹری دفاع کے غیر ملکی دورے پر برہمی، اٹارنی جنرل استغاثہ سے الگ ہو گئے
اسلام آباد (وقائع نگار+ آن لائن+ نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے سیکرٹری دفاع توہین عدالت کیس میں اٹارنی جنرل منیر اے ملک کی جانب سے استغاثہ سے الگ ہونے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور کو پراسیکیوٹر مقرر کر دیا ہے جنہوں نے سیکرٹری دفاع کے خلاف دیئے گئے عدالتی فیصلے کو بطور شہادت عدالت میں پیش کر دیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے سیکرٹری دفاع آصف یٰسین کی غیر ملکی دورے پر جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف توہین عدالت کیس چل رہا ہے انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر اس پر عمل نہیں کیا۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے مقدمے سے الگ کئے جانے کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کر لی۔ شاہ خاور نے عدالتی فیصلے بطور شہادت عدالت میں پیش کے ساتھ سیکرٹری دفاع کے وکیل افتخار گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری دفاع بیرون ملک دورے پر ہیں اس لئے سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 2دسمبر تک ملتوی کر دی۔ اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ مقدمے میں شاہ خاور بطور استغاثہ پیش ہوں گے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ سیکرٹری دفاع نے وفاقی حکومت کے کہنے پر یہ بھی کہا تھا کہ 5 مئی اور 15ستمبر کو انتخابات کرائیں گے لیکن اتنے بڑے عہدے پر فائز شخص کی صورتحال یہ ہے۔ ہمیں الیکشن سے نہیں آئین کی عملداری میں دلچسپی ہے۔