سانحہ راولپنڈی ۔ ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس ،مصالحتی کمیٹی تشکیل
اسلام آباد (ثناء نیوز) تمام مسالک اور دینی طبقات کی مؤثر جماعتوں و تنظیموں پر مشتمل ملی یکجہتی کونسل سانحہ راولپنڈی پر کشیدگی کے سدباب کے لئے سرگرم ہوگئی ،مصالحتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی کو فوری طور پر فعال کیا جارہا ہے، ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے 27 نومبر کو ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سربراہی اجلاس کے حوالے سے کونسل و جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ متحرک ہو گئے اور رابطے شروع کر دیئے ہیں ٰ۔کونسل میں شامل تمام مسالک نے سانحہ راولپنڈی کو مکمل طور پر انتظامیہ کی ناکامی کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔ اور عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک میں انتشار اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازش کو ناکام بنادیا جائے گا ۔ مصالحتی کمیٹی سانحے کے متاثرین سے ملاقاتیں کرے گی اور مستقبل میں ایسے اقدامات سے بچنے کے لئے سفارشات پیش کرے گی ۔کونسل نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کئی بار کوششیں کی گئیں جو محب وطن عوام نے ہر بار ناکام بنادیں ۔ مستقبل میں کسی ایسے سانحے سے بچنے کے سلسلے میں مشاورت سے اقدامات تجویز کرنے کے لیے 27 نومبر کو ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر کی صدارت میں مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات پر غوروخوض ہوگا۔ کونسل نے حکومت سے متاثرین کی اشک شوئی متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کا مطالبہ کیا ہے۔