• news

زید حامد کی ہٹ لسٹ میں جنرل کیانی، نواز شریف شامل تھے: عماد خالد

کراچی (آئی این پی + نوائے وقت نیوز)  زید حامد کے قریبی ساتھی عماد خالد نے  زید حامد پر فوج میں انتشار پھیلانے،   عدلیہ کو نبیؐ کا دشمن قرار دینے‘ آرمی چیف جنرل کیانی کے قتل کی سازش سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ  زید حامد نے فوج میں انتشار پھیلانے کیلئے  فوج کے اندر 1000 ای میلز بھیجیں جن کا   وہ خود اعتراف کر چکا ہے ‘ زید حامد پرویز مشرف کا ساتھی  مشیر تھا‘کئی فوجی افسر زید حامد کے خلاف گواہی دے چکے ہیں، زید حامد پر لوگوں کو دھمکانے پر وزارت دفاع اور وزیر داخلہ کو تفصیل بھیج چکا ہوں،زید حامد اور اس کے ساتھیوں کی ہٹ لسٹ میں جنرل کیانی اور بعض معروف صحافی تھے جنہیں وہ قتل کرنے کے منصوبے بنا رہا تھا، انہوں  نے کہا کہ جنرل کیانی  کو قتل کیا جاتا تو بہت بڑا بحران پیدا ہوتا۔  وزیر اعظم بننے سے پہلے نواز شریف بھی زید حامد کی ہٹ لسٹ میں شامل تھے۔ پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے عماد خالد نے کہاکہ زید حامد کی سوچ انتشار پسندانہ ہے  وہ عدلیہ کو نبیؐ کا دشمن کہتا ہے۔ زید حامد نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے خلاف قتل کی سازش کی  اگر وہ قتل ہو جاتے تو  بحران کھڑا ہو جاتا۔ زید حامد کا ایک ساتھی انٹیلی جنس میں تھا جس نے ہر قسم کی معلومات اسے فراہم کیں  وہاں سے 3 اہم فائلیں چرا کر لے آیا۔ زید حامد نے اعتراف کیا ہے کہ وہ مشرف کا قریبی ساتھی تھا اوراس نے پاکستان کا نام خراب کرنے میں اس کا ساتھ دیا۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے اپنے ہر پروگرام میں پرویزمشرف کی کی ہوئی تقاریر دہرائیں۔  پاک فوج کے کئی افسر زید حامد کے خلاف گواہی دے چکے ہیں، سمجھ نہیں آتی کہ وہ کون لوگ ہیں جو جنرل اشفاق پرویز کیانی کی پالیسیوں کے خلاف چلنا چاہتے ہیں۔ زید حامد کے خلاف لوگوں کو دھمکانے پر وزارت دفاع اور وزیر داخلہ کو تفصیلات بھیج چکا ہوں اس کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن