سندھ: آباد کاروں کو تحفظ دیا جائے، وہ ہڑتال ختم کر کے واپس علاقوں میں جائیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد (ثناء نیوز) سپریم کورٹ نے سندھ میں آباد کاروں کو پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ سندھ کے آباد کاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ عدالت نے آباد کاروں کو ہڑتال ختم کرنے کا حکم کرتے ہوئے انہیں اپنے علاقوں میں واپس جانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین کو حکم دیا کہ وہ آباد کاروں کو پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے علاقہ کا سروے کر کے رپورٹ 28 نومبر تک عدالت میں پیش کریں۔ چیف جسٹس نے سندھ آباد کار یونین کے رہنمائوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ نے عدالت سے رجوع کیا تو ہڑتال کیوں کی۔ ہڑتال نہیں کرنی چاہئے تھی۔ آباد کاروں نے بتایا کہ سندھ میں مکمل ہڑتال ہے تاہم عدالتی حکم پر آباد کار اپنی ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔