مشرف نے حکومت ختم کر کے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا: محفوظ مشہدی
لاہور( خصوصی نامہ نگار)حکومت کی طر ف سے سابق ڈکٹیٹر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کا سنی اتحاد کونسل پاکستان خیر مقدم کرتی ہے۔ جنرل(ر) پرویز مشرف نے آئین کے ساتھ غداری کرکے منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کی جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔12 اکتوبر 1999 کو میاں نواز شریف کی حکومت ختم کرکے پاکستان کا ناقابل تلافی نقصان کیا۔ان خیالات کا اظہار چئیرمین سنی اتحاد کونسل و رکن پنجاب اسمبلی پیر سیّد محفوظ شاہ مشہدی نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار محمد خان لغاری، مولانا خادم حسین شرقپوری، صاحبزادہ نعیم عارف نوری اور صاحبزادہ عثمان علی بھی موجود تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مشرف کے خلاف بھرپور کاروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی بھی طاقت ور ملک کے آئین کو پامال نہ کرے۔ پاکستان تب ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے جب آئین کی بالادستی ہوگی۔