• news
  • image

سانحہ راولپنڈی : مذہبی جماعتیں آج یوم احتجاج منائیں گی‘ حساس شہروں میں فوج طلب‘ جمعہ کے خطبوں کی ریکارڈنگ ہو گی

سانحہ راولپنڈی : مذہبی جماعتیں آج یوم احتجاج منائیں گی‘ حساس شہروں میں فوج طلب‘ جمعہ کے خطبوں کی ریکارڈنگ ہو گی

اسلام آباد + لاہور (ایجنسیاں + نامہ نگار + خصصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) وفاق المدارس العربیہ، دفاع پاکستان کونسل، جمعیت علمائے اسلام، اہلسنت والجماعت، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، جماعت اہلحدیث پاکستان اور دیگر دینی جماعتوں و تنظیموں کی جانب سے راولپنڈی واقعہ کے خلاف آج جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق 13 حساس اضلاع میں فوج اور رینجرز تعینات رہے گی۔ وفاق المدارس اور دینی جماعتوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ توڑ پھوڑ اور جلاو¿ گھیراو¿ سے مکمل اجتناب کریں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کے حق کو استعمال کریں۔ اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں سمیت ضلعی وتحصیل ہیڈکوارٹرز میں مظاہرے ہوںگے، ریلیاں نکالی جائیں گی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں واقعہ کےخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائینگی۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کو سکےورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کر دی ہے۔ حکومت نے اضلاع میں امن کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اہم شہروں میں سکیورٹی بڑھادی گئی ہے، داخلی راستوں پر گاڑیوں اور مشکوک افراد کی سخت چیکنگ کی ہدایت بھی کر دی گئی۔ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے حساس علاقوں میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر آل پاکستان سکولز مینجمنٹ ابرار احمد کے مطابق راولپنڈی کے تمام تعلیمی ادارے آج جمعہ کو بند رہیں گے۔ جڑواں شہروں کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے سخت سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ پولیس حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی سخت رکھی جائے اور احتجاج کے دوران افسران موقع پر موجود رہیں۔ راولپنڈی شہر اور کینٹ کے کاروباری مراکز، مارکیٹیں بند رہیں گی اور حکام کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جائے۔ پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی پہلے ہی ہائی الرٹ ہے جبکہ آج جمعہ کےلئے سکیورٹی پلان ازسر نو مرتب کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ حساس مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب سے گزرنے والے راستوں کو نماز جمعہ کے اوقات کے دوران بند رکھا جائے گا۔ ادھر چیف کمشنر راولپنڈی کی زیرصدارت اجلاس میں آج (جمعہ کو) اسلام آباد میں ہر قسم کے جلسے، جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے رینجرز کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں، اجلاس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے انتظامیہ کو ایک دن کےلئے کرفیو نافذ کرنے کی بھی تجویز دی۔ حساس علاقوں کی مساجد میں جمعے کی تقاریرکو ریکارڈ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں ضرورت پڑنے پر موبائل فون سروس معطل کی جائے گی۔ حساس شہروں میں لاﺅڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی جبکہ احتجاجی مظاہروں کو محدود رکھنے کیلئے ان کے ارد گرد سکیورٹی کے حصار بنائے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے آج احتجاج کی کال کے پیش نظر صوبے بھر میں ہر قیمت پر امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے سی سی پی او لاہور سمیت تمام فیلڈ افسران کو سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ لاہور میں پولیس نے خصوصی سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت پولیس کے 10 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبدالجبار نے کہا ہے مساجد اور امام بارگاہوں میں شرکا کی 4 مراحل میں چیکنگ ہو گی۔ دوسری جانب راولپنڈی، واقعہ کے خلاف آج سندھ بھر میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ لاہور میں جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ 3 بجے سہ پہر پریس کلب کے سامنے ہو گا۔ کراچی میں نماز جمعہ کے بعد گرو مندر میں جلسہ ہو گا۔ اہلسنت والجماعت کے مرکزی ترجمان کے مطابق ہڑتال کی کال نہیں دی گئی۔ کراچی پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج تمام پٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔ چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا ہے کہ تمام آج مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔ کراچی میں آج رینجرز کو ہائی الرٹ رہنے اور ہتھیار بند افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔ ترجمان پنجاب حکومت نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پنجاب کے 13 حساس اضلاع میں فوج اور رینجرز تعینات رہے گی۔ صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا، اشتعال انگیز مواد اور تقریر پر فوری بلاتفریق کارروائی ہو گی، مساجد کے خطیبوں کی تقریروں کی ریکارڈنگ ہو گی، صوبے بھر میں کسی بھی قسم کا اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہو گی۔ علاوہ ازیں دینی جماعتوں کے آج احتجاج کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے آج کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا‘ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی گذشتہ رات 12 سے آج رات 12 بجے تک 24 گھنٹے کیلئے ہو گی۔ ذرائع کے مطابق شہر میں موبائل فون سروس بند کرنے کا بھی امکان ہے تاہم انتظامیہ نے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی۔ فیصل آباد میں بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔ جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں پر کنٹیرز لگا دئیے گئے ہیں۔ ضلعی حکومت لاہور نے بھی فوج طلب کر لی ہے، ضلعی حکومت کے ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں فوجی دستے شاہی قلعہ پہنچ گئے ہیں۔
یوم احتجاج

epaper

ای پیپر-دی نیشن