امریکہ نے زخموں سے چُور مذاکرات کا ”کام تمام“ کر دیا: عالمی میڈیا
امریکہ نے زخموں سے چُور مذاکرات کا ”کام تمام“ کر دیا: عالمی میڈیا
لندن/ برلن (اے این این) عالمی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان میں حالیہ ڈرون حملے کے ذریعے زخموں سے چور امن مذاکرات کا کام تمام کر دیا ہے اور امریکی خواہش کے مطابق اب کسی صورت مذاکرات ممکن دکھائی نہیں دیتے، قبائلی علاقوں سے باہر کئے جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے، اس لئے اس سے پاکستان اور امریکہ کے مابین کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ برطانوی نیوز ویب سائٹ ”دی نیوز ٹرائب“ کی رپورٹ کے علاوہ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جبکہ امریکہ انہیں شدت پسندی کے خلاف موثر ہتھیار قرار دیتا ہے جبکہ جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے رہنما حکیم اللہ محسود کی ایک ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد پاکستان میں یہ پہلا ڈرون حملہ ہے تاہم یہ امر اہم ہے کہ امریکی ڈرون حملے زیادہ تر قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں کئے جاتے ہیں اور خیبر پی کے کے گنجان آباد علاقوں میں ایسا حملہ پہلی مرتبہ کیا گیا۔ یہ تازہ ڈرون حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایک روز قبل ہی پاکستانی خارجہ امور کے سربراہ سرتاج عزیز کا حوالہ دیتے ہوئے مقامی میڈیا نے کہا تھا کہ امریکہ نے اسلام آباد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد حکومت کی طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کے دوران مزید ڈرون حملے نہیں کئے جائیں گے تاہم واشنگٹن حکومت نے سرتاج عزیز کے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔ مبصرین کے مطابق چونکہ قبل ازیں ڈرون حملے قبائلی علاقوں میں ہی ہوتے تھے اور قبائلی علاقوں سے باہر کئے جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے، اس لئے اس سے اسلام آباد اور واشنگٹن کے مابین کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
عالمی میڈیا/ ڈرون