امریکہ ہمارے ساتھ حالت جنگ میں ہے: حمید گل
اسلام آباد (رستم اعجاز ستی) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ امریکہ ہمارے ساتھ حالت جنگ میں ہے، امریکہ کے سیٹ کردہ ٹارگٹ کے مطابق وہ ہمارے اٹھارہ شہروں کو ڈرون یا کروز میزائل سے نشانہ بنا سکتا ہے، نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم دوست اور دشمن کو پہچانیں، امریکہ ہمارے ساتھ دشمنی کر رہا ہے۔ ہم نے اگر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو پورے ملک میں ڈرون حملے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فی الحال امریکہ سے براہ راست جنگ نہیں کر سکتے لہٰذا یہ اچھا موقع ہے کہ نیٹو سپلائی لائن کو فوری طور پر بند کر دیا جائے۔ ماضی میں جب تک ہم نے نیٹو سپلائی بند رکھی کوئی بھی ڈرون حملہ نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں بھی امریکہ نے ہی زمینی ڈرون حملہ کیا جب بھی تحقیقات ہوئی تو سب کچھ سامنے آجائے گا، امریکہ کی کوشش ہے کہ ہماری فوج ملک کے اندر ہی پھیل جائے، پنڈی، ملتان، چشتیاں سمیت ملک میں ہر جگہ فوج کو مصروف کر دیا جائے جس سے فوج کی مزاحمت کم ہو جائے گی، انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز نے ایک دن بیان دیا جس کے بعد دوسرے دن ڈرون حملہ ہو گیا وہ خارجہ امور اور سکیورٹی کے ذمہ دار ہیں انہیں فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیئے انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکہ کے ساتھ پورے قد کاٹھ کیساتھ کھڑے ہوکر بات کرنی چاہئے اور یہ مناسب وقت ہے کہ نیٹو سپلائی لائن بند کر دی جائے۔