• news

تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی: جہانگیر ترین

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی، کل 23 نومبر کو پشاور میں ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کی بندش کے حوالے سے تحریک انصاف تاریخی جلسہ منعقد کرے گی جس میں چیئرمین عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے اعجاز احمد چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، جنرل عمر ڈار، ایم این اے رائے حسن نواز، فیض اللہ کموکا کے ہمراہ پنجاب سیکرٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں کو بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کیلئے منعقدہ اجلاس کی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے بعد پہلی دفعہ خیبر پی کے کی حدود ہنگو میں ڈرون حملہ ہوا ہے جس کی تحریک انصاف شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ نیٹو سپلائی کو روکنے کا فیصلہ خیبر پی کے حکومت کا نہیں تحریک انصاف کا فیصلہ ہے۔ امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا ہے۔ تحریک انصاف آئین کے اندر رہتے ہوئے نیٹو سپلائی بند کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت ہم خیال جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن تحریک انصاف کو ڈالر لینے کے حوالے غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ وہ بے بنیاد پراپیگنڈا بند کریں ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ ڈالر اے این پی کی حکومت نے لئے تھے ناکہ تحریک انصاف نے۔ 

ای پیپر-دی نیشن