سرگودھا میں دلہن، فیصل آباد میں 3 خواتین، قصور میں کمسن لڑکی سے زیادتی
سرگودھا + فیصل آباد + قصور (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) رشتہ کرانے والے شخص نے ساتھیوں کی مدد سے نئی نویلی دلہن کو گن پوائنٹ پر اغوا کر کے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ نواحی علاقہ میر احمد شیر گڑھ کے زمیندار غلام محمد نے اولاد نہ ہونے پر دوسری شادی کے لئے کچھی آڑا کے ممتاز گجر کو رشتہ کرانے پر ڈیڑھ لاکھ روپے ادا کئے اور (ر) نامی لڑکی سے نکاح کیا۔ دوسرے دن ممتاز گجر نے دو مسلح ساتھیوں کے ہمراہ گن پوائنٹ پر روبینہ کو اغوا کر لیا اور اپنے ڈیرے پر لے جا کر خاتون سے اجتماعی زیادتی کی۔ پولیس تھانہ ترکھانوالہ نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فیصل آباد میں شادی شدہ خاتون سمیت تین خواتین کو اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 352گ۔ب جڑانوالہ کے رہائشی محمد حنیف کی اہلیہ (ک) کو ملزمان رستم علی وغیرہ اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے اور مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ سٹی سمندری چک نمبر 468گ۔ب کی رہائشی جواں سالہ (س) کو ملزمان امتیاز وغیرہ جبکہ غلام محمد آباد محلہ صادق آباد کی رہائشی 16 سالہ (ک) کو ملزمان آفتاب احمد وغیرہ نے اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمات درج کر لئے۔ قصور کے نواحی گائوں بھیڈیاں کلاں میں اوباش نوجوان نے ایک کمسن لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور فرار ہو گیا۔ پولیس تھانہ گنڈا سنگھ والا نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ (ش) بوڑھ والا کھوہ کی طرف جا رہی تھی کہ ملزم ضیاء اللہ کھیتوں میں زبردستی لے گیا اور گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ والد کی درخواست پر تھانہ گنڈا سنگھ والا پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔