پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں لازوال، قوم کو بیٹوں پر فخر ہے: آرمی چیف
ایبٹ آباد (ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کی قربانیاں دینے والے پاک فوج کے جوانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر وطن کو اپنے بیٹوں پر ناز ہے۔ جمعرات کے روز بلوچ رجمنٹ سنٹر کے دورے کے موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسران نے مادر وطن کے دفاع کیلئے لازوال اور بے مثال قربانیاں دی ہیں جس پر پوری قوم کو اپنے بیٹوں پر فخر ہے۔ رجمنٹ بلوچ کے کرنل کی حیثیت سے انہوں نے رجمنٹ کے شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔