دو مرتبہ نوبل انعام حاصل کرنے والے برطانوی سائنسدان زینگر انتقا ل کر گئے
لند ن (آن لائن) برطانیہ کے عصر حاضر کے عظیم سائنسدانوں میں شمار کئے جانے والے معروف و ممتاز سائنسدان فریڈرک زینگر پچانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ انہیں دو مرتبہ نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔سائنس کی دنیا میں فریڈرک زینگر کو بابائے جینومِکس کہا جاتا ہے۔ ان کو دو مرتبہ کیمیا کے شعبے میں نوبل انعام سے نوازا گیا۔ وہ واحد برطانوی کیمیادان تھے، جن کو اِس معتبر انعام کا دو مرتبہ اہل ٹھہرایا گیا۔ ڈی این اے اور جینومِکس میں ان کی تحقیق سے ابھی تک تجربہ گاہوں میں ماہرین کیمسٹری اور میڈیسن استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔